جنید جمشید کی بیوہ کا شوہر کے بارے میں نيا انکشاف

جنید جمشید کی بیوہ کا شوہر کے بارے میں نيا انکشاف

اسلام آباد : مرحوم جنید جمشید کی بیوہ راضیہ جنید نے شوہر کی وفات کے 9 سال بعد ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ جنید جمشید نے رات کا کھانا ایک ساتھ کھانے کی خواہش ظاہر کی تھی، جس پر راضیہ نے ان کی پسند کا کھانا تیار کیا۔ تاہم، شام کے وقت انہیں شوہر کے انتقال کی خبر ملی۔ راضیہ جنید نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں جنید جمشید سے اپنی شادی کے حوالے سے تفصیل سے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ جنید جمشید کی مداح تھیں اور ان کی گلوکاری دیکھ چکی تھیں، مگر ان کی شادی اس وقت ہوئی جب جنید نے گلوکاری کو چھوڑ کر اسلام کی تبلیغ شروع کر دی تھی۔ راضیہ نے بتایا کہ جنید جمشید کی پہلی شادی سے تین بچے تھے، جنہیں انہوں نے اپنے بیٹوں کی طرح پالا۔ ان کی اور جنید جمشید کی پہلی ملاقات تبلیغ کے دوران ہوئی تھی اور بعد میں دونوں نے نکاح کر لیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جنید جمشید اپنے بیٹوں کے ساتھ ہمیشہ محبت سے پیش آتے اور ہمیشہ ان سے رابطے میں رہتے تھے۔ راضیہ جنید نے کہا کہ جنید جمشید چترال تبلیغ کے لیے جانے سے پہلے کچھ اداس تھے اور بار بار کہتے رہے کہ ان کا دل نہیں کر رہا، لیکن پھر بھی وہ چترال گئے۔ راضیہ نے یہ بھی بتایا کہ چترال سے واپس آتے ہوئے جنید جمشید نے انہیں فون کر کے بتایا تھا کہ وہ اسلام آباد پہنچ کر ان کے ساتھ کھانا کھائیں گے۔ اس کے لیے راضیہ نے ان کی پسند کا کھانا تیار کیا۔ تاہم، چار بجے کے بعد انہیں ان کے مینیجر نے فون کر کے بتایا کہ جنید جمشید کا طیارہ گم ہو گیا ہے۔ راضیہ نے مزید کہا کہ جب انہیں معلوم ہوا کہ جنید جمشید کا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا ہے، تو وہ بے حد صدمے میں آ گئیں۔ ان کے مطابق، شوہر کے انتقال کے بعد انہوں نے عدت کی تکمیل کے بعد حادثے کی جگہ کا بھی دورہ کیا۔ راضیہ جنید نے شوہر کی دوسری بیویوں کے بارے میں بات نہیں کی، لیکن ان کا کہنا تھا کہ جنید نے ہمیشہ ان کے حقوق کا خیال رکھا اور انہیں کبھی شکایت کا موقع نہیں دیا۔ جنید جمشید کے بیٹے بابر جنید نے نومبر 2024 میں یہ بتایا تھا کہ ان کے والد نے تین شادیاں کی تھیں، لیکن اس نے اپنے والد کی بیویوں کے نام نہیں بتائے۔ جنید جمشید کی ایک بیوی حادثے میں ان کے ساتھ جاں بحق ہو گئی تھی، جبکہ راضیہ جنید نے انکشاف کیا کہ وہ ان کی دوسری بیوی تھیں۔