سیاحتی وفد نے اسٹوپا، گریٹ باتھ، ڈی کے ایریا، دیگر مقامات اور میوزیم کا بھی دورہ کیا۔
ڈوکری (اظہر میمن)
محکمہ ثقافت و سیاحت کی جانب سے سندھ کے تاریخی مقامات پر سیاحت کو فروغ دینے کے لیے سندھ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ایس ٹی ڈی سی) کے ڈائریکٹر سید ایاز علی شاہ کی نگرانی میں 100 افراد پر مشتمل ایک سیاحتی وفد، جس میں ملکی و غیر ملکی سیاح شامل تھے، موہنجو دڑو پہنچا۔ وفد میں شامل سیاحوں نے سندھ کی قدیم تہذیب کے اسٹوپا، دیگر آثار اور میوزیم کا دورہ کیا۔
وفد میں کراچی پریس کلب کے اراکین بھی شامل تھے۔ اس موقع پر 100 رکنی سیاحتی وفد کی نگرانی کرنے والے ایس ٹی ڈی سی کے ڈائریکٹر سید ایاز شاہ نے بتایا کہ صوبائی وزیرِ ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار شاہ کی ہدایات پر کراچی سے سفاری ٹرین کے ذریعے موہنجو دڑو پہنچے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاحتی وفد میں سندھ اور پنجاب کے علاوہ برطانیہ اور کینیڈا سے تعلق رکھنے والے سیاح بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر کا مقصد سندھ کے تمام تاریخی مقامات پر سیاحت کو فروغ دینا ہے، اسی لیے مختلف مواقع پر اس طرح کے سیاحتی وفود کا اہتمام کیا جائے گا۔
وفد میں شامل خواتین کو سندھی ٹُکَ پر تیار کی گئی رلیاں اور اجرک بطور تحفہ پیش کی گئیں۔
0 تبصرے