بدھ، 25 نومبر 2026
بریکنگ

سوشل میڈیا پر اشتہار دیکھ کر کریم منگوانے والی 17 سالہ لڑکی گردوں کی بیماری میں مبتلا

صحت 25th Nov 2026 2 مناظر
سوشل میڈیا پر اشتہار دیکھ کر کریم منگوانے والی 17 سالہ لڑکی گردوں کی بیماری میں مبتلا
بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ میں چہرے پر لگانے والی کریم استعمال کرنے کے بعد 17 سالہ لڑکی کے گردوں کی سنگین بیماری میں مبتلا ہونے کے معاملے پر پولیس نے کریم تیار کرنے والی کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ لڑکی کا علاج کرنے والے ڈاکٹر کے مطابق کریم میں زہریلی مقدار میں پارہ موجود تھا، جس کے باعث لڑکی کے گردوں کی خون صاف کرنے کی صلاحیت متاثر ہوئی اور وہ سنگین بیماری میں مبتلا ہوگئی۔ رپورٹس کے مطابق لڑکی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ پر اشتہار دیکھنے کے بعد چہرے کے دانوں اور جلد پر موجود داغ دھبوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے یہ کریم خریدی تھی۔ متاثرہ لڑکی کی شناخت اس کی نجی زندگی کے تحفظ کے پیش نظر ظاہر نہیں کی گئی۔ ایسٹر ایم آئی ایم ایس مدر اسپتال کے مطابق کریم کے لیبارٹری ٹیسٹ میں پارے کی مقدار 12 ہزار 500 حصے فی دس لاکھ حصے پائی گئی، جبکہ جلد کو گورا کرنے والی مصنوعات میں پارے کی مقدار ایک حصہ فی دس لاکھ سے بھی کم ہونی چاہیے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بعض غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ فیس کریموں میں پارہ اور سیسہ جیسی زہریلی دھاتیں شامل ہوسکتی ہیں، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بعض کمپنیاں واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا ذرائع کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی مصنوعات فروخت کرتی ہیں، جس کے باعث وہ سرکاری نگرانی اور جانچ پڑتال سے بچ جاتی ہیں۔ اس واقعے کے بعد بھارت میں جلد کو گورا کرنے والی غیر معیاری مصنوعات کی فروخت اور انسانی صحت پر ان کے ممکنہ مضر اثرات کے حوالے سے ایک بار پھر تشویش پیدا ہوگئی ہے۔
شیئر کریں:

0 تبصرے

تبصرہ کریں

مطلوب خانہ
مطلوب خانہ