اتوار، 22 نومبر 2026
بریکنگ

کراچی میں سندھ کی تقسيم کے خلاف سندھ رہبر کمیٹی کے اعلان پر احتجاجی مارچ، لاکھوں افراد کی شرکت

تازہ ترین 22nd Nov 2026 10 مناظر
کراچی میں سندھ کی تقسيم کے خلاف سندھ رہبر کمیٹی کے اعلان پر احتجاجی مارچ، لاکھوں افراد کی شرکت

احتجاجی مارچ میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد نے سرخ پرچم اٹھا کر شرکت کی

کراچی (رپورٹر) سندھ رہبر کمیٹی کی اپیل پر آج کراچی میں ایک بڑا احتجاجی مارچ کیا گیا، جس میں سندھ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد نے سرخ پرچم اٹھا کر شرکت کی۔ مارچ میں شریک افراد نے سندھ کی وحدت، قومی تشخص، تاریخی حیثیت، وسائل اور عوامی حقوق کے تحفظ کے حق میں نعرے لگائے۔ احتجاجی مارچ کی قیادت سندھ رہبر کمیٹی کے رہنماؤں ریاض چانڈیو، ڈاکٹر نیاز کالانی، ایاز قمی، وکیل رہنما عامر نواز وڑائچ اور دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے کی۔ مارچ میں مختلف قوم پرست جماعتوں، سیاسی و سماجی تنظیموں، وکلا، طلبہ، نوجوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں سرخ پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر سندھ کی وحدت، خودمختاری اور قومی حقوق کے حق میں نعرے درج تھے۔ اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی وحدت، سرزمین، وسائل اور قومی شناخت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سندھ کے عوام اپنی سرزمین کے تحفظ اور آئینی و جمہوری حقوق کے حصول کے لیے ہمیشہ آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام اپنے تاریخی، سیاسی اور معاشی حقوق کے بارے میں مکمل شعور رکھتے ہیں اور کسی بھی ایسے فیصلے کو قبول نہیں کریں گے جس سے سندھ کے مفادات اور وحدت کو نقصان پہنچے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ کے قدرتی وسائل پر سب سے پہلا حق یہاں کے عوام کا ہے، اس لیے وسائل کی تقسیم، پانی، روزگار اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے سندھ کے عوام کے مؤقف کو اہمیت دی جائے۔ انہوں نے سیاسی و سماجی قوتوں پر زور دیا کہ وہ سندھ کے قومی مفادات، وحدت اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کریں۔ مارچ کے شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ سندھ کے حقوق کے لیے پرامن اور جمہوری جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
شیئر کریں:

0 تبصرے

تبصرہ کریں

مطلوب خانہ
مطلوب خانہ