ریفرنڈم کا سخت مخالف ہوں، سندھ کے بارے میں آخری فیصلہ اسمبلی کر چکی ہے: نثار کھوڑو
کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ ضیاء الحق اور پرویز مشرف بھی سندھیوں کو ڈاکو کہہ کر گالیاں دیتے تھے، اب بھی اگر کوئی گالیاں دیتا ہے تو سندھ میں اتنی طاقت موجود ہے کہ اس کا مقابلہ کر سکے۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ 6 دسمبر سندھ کا ثقافتی دن ہے، ہم نہیں چاہتے کہ ایسا دن خراب ہو، کوشش کروں گا کہ ایم کیو ایم 6 دسمبر کو ریلی نکالنے کے فیصلے پر دوبارہ غور کرے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن کو مدنظر رکھتے ہوئے سب سے ملاقات کی اور انہیں پرامن رہنے کی اپیل کی۔
نثار کھوڑو نے ریفرنڈم کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ جو فیصلہ ہے وہ اسمبلی کے اندر ہو چکا ہے اور آخری فیصلہ بھی اسمبلی ہی کو کرنا ہے، جو پہلے ہی ہو چکا ہے۔
انہوں نے ایم کیو ایم کے مؤقف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اپنی سوچ سے انکار کرتی ہے تو پھر متحدہ کا مطلب کیا ہے؟ دوبارہ اپنا نام مہاجر موومنٹ رکھ لے، پھر چاہے ایسی باتیں کرے۔
نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی شاہراہ فیصل پر احتجاج کرتی ہے، وہاں بھی باہر سے لوگ آتے ہیں۔ ریلی میں مقامی لوگوں کے ساتھ باہر سے آنے والے افراد بھی موجود تھے، جنہوں نے اپنی سوچ کا اظہار کیا۔