پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کا حامی نہیں، صرف جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے حق میں ہوں: بلاول بھٹو
رحیم یار خان (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کے حق میں نہیں، تاہم جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کی حمایت کرتے ہیں۔
رحیم یار خان میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے حامی ہیں، کیونکہ پنجاب اسمبلی اور یہاں کے عوام بھی یہی چاہتے ہیں۔ پنجاب کے عوام اور اسمبلی جو بھی فیصلہ کریں گے، وہ اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ کسی بھی بیک ڈور طریقے سے نہیں بنائیں گے بلکہ جمہوری جدوجہد کے ذریعے اپنا صوبہ حاصل کرکے رہیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ وقت انتقامی سیاست، نفرت اور تقسیم کا نہیں بلکہ عوام کے مسائل حل کرنے کا ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے دعویٰ کیا کہ ماضی کی طرح اس بار بھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنائیں گے۔