بدھ، 25 نومبر 2026
بریکنگ

کراچی میں زیرِ تعمیر 6 منزلہ عمارت کا بالائی حصہ منہدم، ایک شخص جاں بحق، 10 زخمی

تازہ ترین 25th Nov 2026 6 مناظر
کراچی میں زیرِ تعمیر 6 منزلہ عمارت کا بالائی حصہ منہدم، ایک شخص جاں بحق، 10 زخمی

وزیراعظم کا افسوس کا اظہار

کراچی (ویب ڈیسک) کراچی کی مصروف شاہراہ فیصل پر بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے بلاک 4 میں زیرِ تعمیر عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کے ملبے سے ایک شخص کی لاش نکال لی گئی، جبکہ 10 زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں سے بعض کی شناخت نادر حسین، شوکت علی اور احمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری طلب کرلی گئی ہے جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کے مطابق 6 منزلہ عمارت گرنے سے قبل لرزنا شروع ہوگئی تھی۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت میں فنشنگ کا کام جاری تھا اور وہاں کوئی رہائش پذیر نہیں تھا۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے مطابق متاثرہ عمارت 600 گز کے پلاٹ پر تعمیر کی گئی تھی، جہاں گراؤنڈ پلس 5 منزلہ عمارت کی منظوری دی گئی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ رہائشی پلاٹ پر مبینہ طور پر کمرشل تعمیرات کی گئی تھیں، جبکہ عمارت کے اندر مبینہ طور پر غیر قانونی فلیٹس نما رہائشی پورشن بھی تعمیر کیے جا رہے تھے۔ حادثے کے بعد ایس بی سی اے کی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ وزیراعظم کا افسوس کا اظہار وزیراعظم شہباز شریف نے عمارت گرنے کے واقعے میں ایک شہری کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
شیئر کریں:

0 تبصرے

تبصرہ کریں

مطلوب خانہ
مطلوب خانہ