احمد آباد (ویب ڈیسک) – بھارتی ریاست گجرات کے دارالحکومت احمد آباد میں ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ افسوسناک حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں عملے سمیت 241 افراد جان کی بازی ہار گئے، جب کہ ایک مسافر معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق، حادثے میں زندہ بچنے والا واحد مسافر برطانوی شہری ہے، جس نے حادثے کے بعد میڈیا سے رابطہ کر کے اپنے بورڈنگ پاس اور سیٹ نمبر کی تفصیلات بھی شیئر کیں۔
دوسری جانب، احمد آباد کے پولیس کمشنر جی ایس ملک کا کہنا ہے کہ بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر طیارے میں سیٹ A-11 پر بیٹھا مسافر حادثے میں محفوظ رہا، جو اس وقت مقامی اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
ایئر انڈیا کے حکام کے مطابق، سیٹ A-11 پر موجود مسافر کا نام وشواش کمار رمیش ہے اور وہ برطانوی شہریت رکھتا ہے۔
حادثے کے بارے میں بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وشواش کمار نے بتایا کہ "ٹیک آف کے تقریباً 30 سیکنڈ بعد ایک زور دار دھماکہ ہوا اور اس کے فوراً بعد طیارہ زمین پر آ گرا اور تباہ ہو گیا۔ یہ سب کچھ بہت تیزی سے ہوا۔"
0 تبصرے