ننھی عمر میں لڑکے اور لڑکی کے درمیان رومانوی تعلقات "نارمل" اور "فطری" عمل ہیں: سنیتا مارشل

ننھی عمر میں لڑکے اور لڑکی کے درمیان رومانوی تعلقات

کراچی؛ اداکارہ سنیتا مارشل کی جانب سے کم عمر لڑکوں اور لڑکیوں کے درمیان دوستی کو ’نارمل‘ قرار دینے والے بیان نے سوشل میڈیا صارفین کو غصے میں مبتلا کر دیا ہے۔ سنیتا مارشل نے حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے بچوں کے کم عمری میں تعلقات کے موضوع پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کی دوستیوں کے بارے میں شوہروں کو پہلے سے آگاہ کریں اور انہیں اس حوالے سے سمجھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ مرد کم تعلیم یافتہ ہوتے ہیں اور فطری طور پر جذباتی بھی، اس لیے اگر اچانک ایسی کسی بات کا پتہ چلے تو وہ غصے میں آ سکتے ہیں۔ اس لیے گھروں میں خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنے شوہروں کو ذہنی طور پر تیار رکھیں۔ اداکارہ نے کہا کہ کم عمر میں تعلقات بننا ایک فطری عمل ہے اور اسے معمول کی بات سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے بچے ابھی چھوٹے ہیں اور ان کے نہ تو بوائے فرینڈز ہیں اور نہ ہی گرل فرینڈز، لیکن اگر کوئی تعلق ہو بھی تو انہیں اس کا علم نہیں ہے۔ سنیتا مارشل کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا ہے، جس کے بعد کئی صارفین نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایسے خیالات نہ صرف اسلامی اقدار کے منافی ہیں بلکہ پاکستانی معاشرے میں ایسے تعلقات کو عام کرنا خطرناک ہے۔