حق اور سچ کے لیے آواز اٹھانے والے صحافیوں پر ظلم بند ہونا چاہیے، مریم نواز

مقبوضہ کشمیر، فلسطین اور دنیا بھر میں صحافیوں پر تشدد قابل مذمت فعل ہے

حق اور سچ کے لیے آواز اٹھانے والے صحافیوں پر ظلم بند ہونا چاہیے، مریم نواز

اسلام آباد: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حق کے لیے آواز اٹھانے والے صحافیوں پر ظلم و تشدد بند ہونا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر، فلسطین اور دنیا بھر میں صحافیوں پر تشدد قابل مذمت فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ احساس ذمہ داری کے ساتھ آزاد صحافت جمہوریت کی میراث ہے اور مضبوط جمہوری معاشرے کے لیے آزاد صحافت کا ہونا بہت ضروری ہے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ صحافی سماجی انصاف کے محافظ اور عوام کی آواز ہیں۔ ظلم، ناانصافی اور جھوٹ کو بے نقاب کرنے والے صحافی تعریف کے مستحق ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بطور وزیر اعلیٰ میں آزاد صحافت کے تحفظ کا ضامن ہوں اور حکومت کا فرض ہے کہ وہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کرے اور ہر کوئی ان کے خوابوں کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔