ہم خیبرپختونخوا پولیس کو تکنیکی مدد فراہم کرتے رہیں گے
راولپنڈی (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج دشمن کی تمام کوششوں کو ناکام بنائے گی، ہم خیبرپختونخوا پولیس کو تکنیکی مدد فراہم کرتے رہیں گے۔
ترجمان پاک فوج آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا، اس دوران انہیں موجودہ سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے جاری آپریشنز اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی، ملاقات میں انہوں نے دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ان کی تیاری اور بلند حوصلے کو سراہا۔
آرمی چیف نے ملکی سلامتی کے لیے لازوال قربانیوں پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس کے علاوہ آرمی چیف نے خیبرپختونخوا پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تکنیکی مدد اور مکمل تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
جنرل عاصم منیر نے خیبرپختونخوا کے عوام میں امن کی بحالی اور جنوبی وزیرستان مربوط ترقیاتی منصوبے کے تحت مختلف منصوبوں کو آگے بڑھانے میں ان کے اہم کردار کا بھی اعتراف کیا۔
انہوں نے خیبرپختونخوا کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پاک فوج کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
0 تبصرے