اختر مینگل سے پی ٹی آئی اور نون لیگ کے وفد کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

اختر مینگل سے پی ٹی آئی اور نون لیگ کے وفد کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

اختر مینگل سے پی ٹی آئی اور نون لیگ کے وفد کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف اور نون لیگ کے وفود نے سردار اختر مینگل سے ملاقات کی ہے اور ان سے استعفیٰ واپس لینے کی درخواست کی ہے۔ پی ٹی آئی کا وفد بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں اختر مینگل سے ملاقات کے لیے پارلیمنٹ لاجز پہنچا، وفد میں اسد قیصر، رؤف حسن اور دیگر رہنما شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی وفد نے اختر مینگل کو استعفیٰ واپس لینے پر قائل کرنے کی کوشش کی۔ پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ استعفیٰ دینا کسی مسئلے کا حل نہیں، استعفیٰ دیے بغیر پارلیمنٹ میں آگے بڑھیں۔ پارلیمنٹ لاجز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ان کی اختر مینگل سے ملاقات ہوئی ہے جس کے دوران اختر مینگل نے استعفے پر نظرثانی کا کہا ہے ہمارے اتحاد کی پانچ بجے میٹنگ ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کا وفد بھی اختر مینگل سے ملاقات کے لیے پارلیمنٹ لاجز پہنچ گیا، وفد میں رانا ثناء اللہ، طارق فضل چوہدری، عثمان بادینی، اعجاز جاکھرانی اور خالد مگسی شامل ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اختر مینگل کو جو بھی غصہ ہے ہم اسے ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔ ذرائع کے مطابق حکومتی وفد نے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے سردار اختر مینگل سے استعفیٰ واپس لینے کی درخواست کی ہے۔ سردار اختر مینگل نے بلوچستان کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اسمبلی کے فلور پر بولنے کا موقع نہیں دیا جائے گا، بلوچستان کے حالات ہاتھ سے نکل رہے ہیں کوئی فکر نہیں۔