حیدرآباد (رپورٹ:قیوم سروہی ) عالمی یومِ صحت کے موقع پر آغا خان میٹرنل اینڈ چائلڈ کیئر سینٹر (اے کے ایم سی سی سی) حیدرآباد کی جانب سے ایک مفت طبی تشخیصی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس کے ذریعے شہریوں کو معیاری اور سستی طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ مفت طبی کیمپ کا افتتاح کیک کاٹ کر کیا گیا، جس میں اسپتال انتظامیہ، ڈاکٹرز اور عملے نے شرکت کی۔
مفت کیمپ میں آنے والے شہریوں نے مختلف شعبوں کے تحت بچوں، زچگی، خواتین کے مسائل، فیملی میڈیسن اور آنکھوں کے علاج سے متعلق مفت سہولیات حاصل کیں، جبکہ کولیسٹرول، شوگر اور دل کے امراض کی تشخیصی ٹیسٹ بھی کیے گئے۔ شرکاء کو صحت کے حوالے سے مشورے اور رہنمائی سیشنز کے ذریعے آگاہی بھی فراہم کی گئی۔
اس موقع پر آغا خان یونیورسٹی اسپتال میں آؤٹ ریچ سروسز اور آف کیمپس اسپتالوں کے چیف آپریٹنگ آفیسر سید محمد سہیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی یومِ صحت منانے کا مقصد عوام میں آگاہی پیدا کرنا ہے کہ صحت ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ آغا خان اسپتال کی جانب سے منعقد کیا گیا یہ مفت کیمپ اس کا عملی مظہر ہے، جس کے ذریعے ہم اُن خاندانوں تک معیاری طبی سہولیات پہنچا رہے ہیں جنہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام آغا خان میٹرنل اینڈ چائلڈ کیئر سینٹر کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ مقامی آبادی کو سستا اور معیاری علاج فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
0 تبصرے