انتخابات ایڈووکیٹ فاروق گھوڑو، غلام نبی مگسی اور فرحان میمن کی نگرانی میں منعقد ہوئے
ملیر (رپورٹ: عبدالرشید مورجھریو) عوامی پریس کلب ملیر کے سال 2026 کے انتخابات الیکشن کمیشن ایڈووکیٹ فاروق گھوڑو اور سماجی رہنماؤں غلام نبی مگسی و فرحان میمن کی نگرانی میں منعقد ہوئے، جن میں صدر سید سجاد علی شاہ، نائب صدر شہنشاہ چارن، جنرل سیکریٹری طارق جان سہتو، جوائنٹ سیکریٹری غلام علی برفت، خزانچی علی اصغر میمن، آفس سیکریٹری ایم زمان جوکھیو اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین سامی میمن، سید عنایت علی شاہ اور جمشید زہراںی منتخب ہوئے۔
نومنتخب عہدیداران کو اجرکیں اور پھولوں کے تحائف پیش کرکے خوشی کا اظہار کیا گیا۔ انتخابی سرگرمی میں بطور مبصر ملیر کے سیاسی و سماجی رہنما سید خدا دیدہ شاہ، آغا شیر گل سرکی، “منھنجا مارو ملیر جا” کے رہنما عرفان عباسی، شبیر شاہ، بخشل سیال، عوامی تحریک کے رہنما اقبال جروار، عزیز لانگاہ، جے ایس ایم کے رہنما فیض ہسبانی، کامریڈ وہاب گبول، شیراز سولنگی، سماجی رہنما رجب بھنڈ سمیت بڑی تعداد میں سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر نومنتخب صدر سید سجاد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں دل کی گہرائیوں سے پریس کلب کے تمام اراکین کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے سال 2026 کے لیے صدر منتخب کیا۔ ہماری کوشش رہی ہے کہ ملیر کے پسماندہ علاقوں کی نمائندگی کی جائے، جس میں ہم نے بڑی حد تک کامیابی حاصل کی ہے۔ ہم اپنے لوگوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ کراچی کے ضلع ملیر میں عوامی مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں، زراعت اور ماحولیات تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں، جبکہ غیر مقامی آبادکاری کے دباؤ کے باعث ملیر میں سندھی عوام تیزی سے اقلیت میں تبدیل ہو رہے ہیں۔ ایسی خطرناک صورتحال میں ملیر کے سنجیدہ، تعلیم یافتہ اور ذمہ دار صحافیوں کا فرض ہے کہ وہ پہلے سے بڑھ کر قلم اٹھائیں، چھپی ہوئی حقیقتوں کو بے نقاب کریں اور عوام کو بیدار کرتے ہوئے سندھ سمیت ملیر کی بقا کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
0 تبصرے