ہفتہ، 26 ستمبر 2026
بریکنگ

کراچی میں مین ہول میں گرنے والے بچے کی لاش نکالنے والے لڑکے کو پولیس کی جانب سے اعزاز پیش

پاکستان 02nd Dec 2025 574 مناظر
کراچی میں مین ہول میں گرنے والے بچے کی لاش نکالنے والے لڑکے کو پولیس کی جانب سے اعزاز پیش

کراچی کے علاقے نیپا چورنگی میں گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے والے بچے کی لاش نکالنے والے لڑکے کو ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فاروق نے ہار پہنایا اور گلدستہ پیش کیا۔

کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال، نیپا چورنگی کے قریب تین سالہ بچے ابراہیم کی ہولناک موت کے بعد اس کی لاش نکالنے والے لڑکے کی بہادری کا اعتراف کیا گیا۔ ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فاروق نے لڑکے کو خصوصی طور پر بلا کر ہار پہنایا اور گلدستہ پیش کیا۔ واقعہ اتوار کی شب پیش آیا جب تین سالہ ابراہیم اپنے والدین کے ساتھ ایک ڈپارٹمنٹل اسٹور سے نکلنے کے بعد گٹر کے قریب کھڑا ہوا۔ مین ہول کا ڈھکن نہ ہونے کے باعث اسے عارضی طور پر گتے سے ڈھانپا گیا تھا، مگر گتہ بچے کا وزن برداشت نہ کر سکا اور وہ گہرے مین ہول میں جا گرا۔ بچے کی لاش 14 گھنٹے کی تلاش کے بعد ایک کلو میٹر دور نالے سے برآمد کی گئی۔ لاش اسی لڑکے کو ملی جسے آج پولیس نے بہادری پر اعزاز سے نوازا۔ گزشتہ روز شاہ فیصل کالونی میں ابراہیم کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جس میں علاقہ مکینوں سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ بچے کے دادا محمود الحسن نے نمازِ جنازہ پڑھائی۔ اس موقع پر بچے کے نانا نے میئر کراچی سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ لینے تو سب آ جاتے ہیں مگر ایسے وقت میں کوئی ساتھ نہیں دیتا۔
شیئر کریں:

0 تبصرے

تبصرہ کریں

مطلوب خانہ
مطلوب خانہ