چھوٹے صوبوں کے حقوق اور نئے صوبوں کی مخالفت کرنے کی سزا دی جا رہی ہے: راشد محمود سومرو
لاڑکانہ (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ چھوٹے صوبوں کے حقوق کی بات کرنے اور نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کرنے کی سزا دی جا رہی ہے۔
لاڑکانہ میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی مبینہ نظر بندی اور پارٹی رہنماؤں کی گرفتاریوں کے خلاف راشد محمود سومرو کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرین نے دودائی روڈ پر دھرنا دے کر سڑک بند کر دی اور شدید نعرے بازی کی۔
اس موقع پر راشد محمود سومرو نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی رہائی اور گرفتار رہنماؤں کی آزادی تک احتجاج جاری رہے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’وہ عطا تارڑ نہیں بلکہ خطا تارڑ ہیں۔ جب آپ پر مشکل وقت آیا تھا تو آپ کے قائد نواز شریف لندن میں چھپ گئے تھے، لیکن میرے قائد مولانا فضل الرحمان اس وقت بھی اپنے ملک پاکستان میں موجود تھے اور آج بھی پاکستان میں ہیں۔‘‘
انہوں نے اعلان کیا کہ آج ضلعی ہیڈکوارٹرز میں پُرامن احتجاج کیا جائے گا، جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان 30 نومبر کو لاڑکانہ سے کیا جائے گا۔