ڈہرکی میں خاتون کا وڈیرے پر زیادتی کا سنگین الزام، شوہر کے ہمراہ انصاف کے لیے احتجاج
ڈہرکی: نادیہ ڈہر نے اپنے شوہر شاہنواز ڈہر کے ہمراہ انصاف کے لیے احتجاج کرتے ہوئے وڈیرے شکیل ڈہر پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ نادیہ ڈہر کا کہنا ہے کہ 8 ماہ قبل گھر سے ناراض ہوکر نکلنے کے بعد اس نے وڈیرے شکیل ڈہر کے کوٹ میں پناہ لی تھی، جہاں اس کے بقول وڈیرہ دو ماہ تک اسے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔
نادیہ ڈہر نے الزام عائد کیا کہ وڈیرے نے ایک نوجوان پر کاروکاری کا الزام لگا کر 6 لاکھ روپے وصول کیے اور بعد میں اسے ڈھائی لاکھ روپے کے عوض اس کے شوہر شاہنواز ڈہر کے حوالے کیا۔ اس کا مزید کہنا تھا کہ اب وڈیرہ اس کے شوہر کو دھمکاتا ہے کہ اپنی بیوی میرے پاس چھوڑ جاؤ۔
نادیہ ڈہر نے مزید الزام عائد کیا کہ شکیل ڈہر اسے کہتا ہے کہ حمل ضائع کروا کر میرے پاس آؤ، جبکہ وہ اس کا نکاح ختم کروا کر اسے کسی اور جگہ فروخت کرنا چاہتا ہے۔
دوسری جانب شاہنواز ڈہر نے بھی احتجاج کے دوران الزام عائد کیا کہ وڈیرہ اسے دھمکیاں دے رہا ہے کہ اپنی بیوی کو میرے پاس لے کر آؤ۔ وڈیرے کے خلاف فریاد کرتے ہوئے شاہنواز ڈہر رو پڑا اور حکام سے انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
نادیہ ڈہر کا کہنا ہے کہ وڈیرہ شکیل ڈہر گزشتہ دو روز سے اسے کسی اور جگہ فروخت کرنے کے لیے دھمکیاں دے رہا ہے، جبکہ اس کا سسر بھی مبینہ طور پر وڈیرے کے ساتھ ملا ہوا ہے۔