کسی کو دھوکا نہیں دیا، ن لیگ کو بھی نہیں دوں گا: آصف زرداری
تعلیم کے نظام کو بدلنا ہو گا تاکہ بہتر نوجوان سامنے آئیں: آصف زرداری
لاہور: سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے میں نے کسی کو دھوکا نہیں دیا اور مسلم لیگ کو بھی دھوکا نہیں دوں گا۔
آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) رہنما گوہر اعجاز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا مجھے ابھی پتا نہیں کہ آئی ایم ایف ہمیں پیسے دیتا ہے یا نہیں دیتا لیکن میرے خیال سے 2 ارب ڈالر کی چینی ہے اس کو ایکسپورٹ کیا جائے۔
انہوں نے کہا میں اپنے نظریات اور کاروباری پالیسی سے پیسے کماتا ہوں، کسی بھارتی نے کہا کہ زرداری صاحب نے 100 بلین ڈالر کا بھنڈ مارا ہے، یہ ہم کرکے دکھائیں گے بھنڈ نہیں ماریں گے، میں صنعت کے ساتھ کھڑا ہوں۔
ان کا کہنا تھا سعودی عرب اور ایران اکٹھے ہو رہے ہیں، ایران سعودیہ تعلقات بہتر ہونے کے بعد ایران سے گیس پائپ لائن میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے، ہم سب مل کر اکٹھے پاکستان کے لیے اس کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔
سابق صدر کا کہنا تھا آبادی کے اضافے کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں، ہمیں کمپیوٹرز کے ذریعے طالب علموں کا ٹیسٹ لینا چاہیے، تعلیم کے نظام کو بدلنا ہو گا تاکہ بہتر نوجوان سامنے آئیں۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا پاکستان کو امیر بنانے کا فارمولا پاکستان کی صنعت کو آگے بڑھانے میں ہے، اگر ہم سندھ میں پڑی بنجر زمین کو آباد کر دیں تو آپ وہاں مزید صنعت لگا سکتے ہیں۔