روس امریکہ اور ایران کے درمیان تنازع ختم کرانے میں مدد کے لیے تیار ہے: پیوٹن
ماسکو (ویب ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف سے ملاقات کے دوران ایران اور امریکہ کے درمیان تنازع حل کرانے میں مدد کی پیشکش کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں ملاقات کے آغاز پر پیوٹن نے کہا کہ وہ مغربی ایشیا کی صورت حال اور ایران کے حوالے سے امریکہ کے مؤقف کو جاننے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
روسی صدر نے ایران کے ساتھ اپنے ملک کے خصوصی اور اعتماد پر مبنی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ماسکو اس بحران کے حل کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے پر خوش ہوگا۔
یوکرین کے ساتھ جاری تنازع کا ذکر کرتے ہوئے پیوٹن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ حالیہ ٹیلی فونک گفتگو کا حوالہ دیا اور ماسکو اور کیف کے درمیان تنازع حل کرنے میں ٹرمپ کی دلچسپی کو سراہا۔
پیوٹن نے روسی ڈیزل امریکہ اور عالمی منڈیوں کو فراہم کرنے سے متعلق معاہدے کو بھی مثبت قرار دیا اور امریکہ کے ساتھ اقتصادی تعاون بحال کرنے کے لیے روس کی آمادگی ظاہر کی۔
دوسری جانب اسٹیو وٹکوف نے گفتگو کے دوران روسی ڈیزل کی فراہمی پر ٹرمپ کی جانب سے پیوٹن کا شکریہ ادا کرنے اور امریکہ، یوکرین اور روس کے درمیان سہ فریقی مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کے امکانات پر توجہ دی۔
رپورٹس کے مطابق اسٹیو وٹکوف نے اس مرتبہ پیوٹن سے تنہا ملاقات کی۔ گزشتہ دو ملاقاتوں میں ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر بھی ان کے ہمراہ تھے، تاہم بیماری کے باعث وہ اس مرتبہ ملاقات میں شرکت نہیں کر سکے۔