میہڑ: بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف شہری اتحاد کا 39ویں روز بھی احتجاج، ریلی نکالی گئی
میہڑ: بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف شہری اتحاد کا 39ویں روز بھی احتجاج، ریلی نکالی گئی
میہڑ میں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف شہری اتحاد میہڑ کی اپیل پر شہری اتحاد کے چیئرمین نیاز علی برڑو، پی ٹی آئی تعلقہ صدر محمد ایوب کھوسو، قومی عوامی تحریک کے رہنما وکیل میر کھوسو، ہائی کورٹ بار کے وکیل عابد کلہوڑو، کریانہ مرچنٹ کے صدر محبوب کھوسو اور دیگر کی قیادت میں 39ویں روز بھی احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے بیٹو چوک سے گھنٹہ گھر چوک اور نیشنل پریس کلب میہڑ تک احتجاجی ریلی نکالی۔
مظاہرین نے کہا کہ جدید دور میں بھی میہڑ کے شہری پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں، واٹر سپلائی اور فلٹر پلانٹس ناکارہ ہوچکے ہیں جبکہ پانی کی فراہمی کی لائنیں جگہ جگہ سے ٹوٹی ہوئی ہیں۔ شہر کی کالونیوں، گلیوں اور محلوں میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، سڑکیں تباہ حال ہیں اور شہر میں کسی قسم کا ترقیاتی کام نہیں ہورہا، جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلقہ اسپتال کو گمس کے حوالے کیے جانے کے باوجود عوام کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا۔ مریضوں کو ادویات فراہم نہیں کی جارہیں جبکہ اسپتال کے تمام شعبے غیر فعال ہوچکے ہیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ میہڑ میں بدامنی میں بھی اضافہ ہوگیا ہے اور امن و امان کی صورت حال انتہائی خراب ہونے کے باعث شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کررہے ہیں۔ میہڑ مسائل کا گڑھ بن چکا ہے جبکہ منتخب نمائندے مبینہ طور پر کرپشن میں مصروف ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہر میں امن و امان بحال کرکے بنیادی مسائل حل کیے جائیں۔ مظاہرین نے اعلان کیا کہ بنیادی مسائل کے حل تک روزانہ کی بنیاد پر احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔