ٹرمپ کا ہفتے کو ایران سے جوہری پروگرام پر براہ راست مذاکرات شروع کرنے کا اعلان

ٹرمپ کا ہفتے کو ایران سے جوہری پروگرام پر براہ راست مذاکرات شروع کرنے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران اعلان کیا ہے کہ امریکا ہفتے کو ایران کے ساتھ اس کے جوہری پروگرام کے حوالے سے براہ راست اور اعلیٰ سطح کے مذاکرات کا آغاز کرے گا۔خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق پیر کو اوول آفس میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ براہ راست بات چیت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’شاید کوئی معاہدہ ہوجائے، یہ بہت اچھا ہوگا، ہم ہفتے کے دن تقریباً اعلیٰ ترین سطح پر بہت اہم ملاقات کر رہے ہیں۔‘امریکی صدر ٹرمپ کا یہ حیران کن اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل ایران نے اپنا جوہری پروگرام روکنے کے لیے نئے معاہدے پر براہ راست مذاکرات کو مسترد کرتے ہوئے اس خیال کو بے معنی قرار دیا تھا۔