نشہ کا استعمال زیادہ تر نوجوان کر رہے ہیں۔ثنااللہ مغل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) منشیات کے خلاف لاعلمی اور تدارک نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے اسکولز کے طلبہ بھی منشیات کے چنگل میں پھنستے جارہے ہیں یہ بات گزشتہ روز تنظیم فرینڈز آف اینٹی نارکوٹکس آف سندھ (فانوس) کے صدر رفیع احمد نے دی اسمارٹ گرامر سیکنڈری اسکول ھاکس بے کے زیر اہتمام انسداد منشیات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی عدم توجہی کی وجہ سے منشیات گلی کوچوں میں پہنچ گئی ہے گھر کے گھر تباہ برباد ہو رہے ہیں۔ قانون نافذ کرنیوالے ادارے اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، مؤثر روک تھام نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے ڈیڑھ کروڑ پیارے مختلف اقسام کے نشوں میں پھنسے ہوئے ہیں، ان نشیوں میں 30 ، لاکھ طلبہ و طالبات بھی شامل ہیں۔اگر منشیات اسی رفتار سے بڑھتی رہی تو آیندہ چند سالوں میں ہر دوسرے گھر میں منشیات کا عادی فرد ہوگا۔اسکول پرنسپل ثناءاللہ مغل نے کہا کہ منشیات کا زہر ہماری نسلوں میں پھیلتا جارہا ہے، سب سے زیادہ نشہ ہمارے نوجوان کررہے ہیں۔ منشیات کے خلاف تمام تعلیمی ادارے اٹھ کھڑے ہوں اور اپنا اپنا قومی کردار ادا کریں۔طالبات جے ونتی، عظمی اور عبدالوہاب نے اپنی تقاریر میں کہا کہ ہمارا دشمن نہیں چاہتا کہ ہم ایک طاقتور ترین ملک بنے۔ تقریب سے پولیس افسران دیدار حسین اور رانا ذوالفقار نے بھی خطاب کیا بعد ازاں مقررین طالب علموں کو اسناد سے نوازا گیا۔رفیع احمد نے ثنااللہ مغل کو قرآن مجید کا تحفہ پیش کیا۔
0 تبصرے