سندھ زرعی یونیورسٹی میں پوسٹر پریزنٹیشن اور پراجیکٹس کی نمائش کا انعقاد

شاندار نمائش میں طلبہ وطالبات نے اپنی ذہانت اور تخلیق کے منصوبے پیش کیے

سندھ زرعی یونیورسٹی میں پوسٹر پریزنٹیشن اور پراجیکٹس کی نمائش کا انعقاد

ٹنڈوجام؛ سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے شعبہ انگریزی کی زیر میزبانی "پوسٹر پریزنٹیشن اور پراجیکٹ" کی شاندار نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ وطالبات نے اپنی ذہانت اور تخلیق کے منصوبے پیش کیے۔ اس ایونٹ میں بی ایس انگریزی کے طلبہ، خاص طور پر سمسٹر اول اور دوم کے طلبہ کی غیر معمولی صلاحیتوں اور علمی قابلیت کو اجاگر کیا گیا۔ نمائش کا افتتاح فیکلٹی آف ایگریکلچرل سوشل سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر اعجاز علی کھوھارو نے شعبہ انگریزی کی چیئرپرسن ڈاکٹر شبانہ سرتاج کے ساتھ مل کر ربن کاٹ کر کیا۔ طلبہ نے نمائش میں بہترین قابلیت کا مظاہرہ کیا اور ان کے پوسٹرز اور منصوبے اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد کی دلچسپی کا مرکز بنے۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈین ڈاکٹر اعجاز علی کھوھارو نے طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس نہ صرف طلبہ کو ان کے علمی و تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں، بلکہ ان کی تنقیدی سوچ اور مواصلاتی صلاحیتوں کو بھی فروغ دیتے ہیں، جو ان کے مستقبل کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے تدریس کے ساتھ تخلیقی صلاحیتوں پر طبع آزمائی کرنے پر زور دیا۔ شعبہ انگریزی کی چیئرپرسن ڈاکٹر شبانہ سرتاج نے کہا کہ ہمارے طلبہ نے ان منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے میں غیر معمولی عزم دکھایا ہے۔ اس نمائش میں شامل پوسٹرز اور پروجیکٹس ان کی محنت اور مضبوط تعلیمی بنیاد کی عکاسی کرتے ہیں، اور ہمیں ان کی کامیابیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہمارے طلبہ دوسری جامعات کے مقابلے میں زیادہ محنت کریں گے۔ یہ نمائش مس نائلہ بلوچ کی قائدانہ نگرانی میں منعقد کی گئی، جہاں 38 طلبہ نے آوازوں کی پیداوار، آواز کی تشکیل، اور صوتی تحریر کے موضوعات پر چھ پوسٹرز پیش کیے۔ اس کے علاوہ، 35 طلبہ نے انگریزی زبان و ادب کے فلسفیوں پر مبنی چار تخلیقی پراجیکٹس پیش کیے، جو ان کے سمسٹر کے سیشنل ٹاسک کا حصہ تھے۔ ایک خاص حصے میں 9 طلبہ نے مس صائمہ لاڑک کی نگرانی میں صنفی بحث مباحثے پر مبنی تین تحقیقاتی پوسٹرز پیش کیے۔