بینک والوں نے نااہل قرار دے کر واپس بھیج دیا، شاہ رخ خان نے ممبئی میں گھر دلوا دیا، شریاس تلپڑے کا انکشاف

بینک والوں نے نااہل قرار دے کر واپس بھیج دیا، شاہ رخ خان نے ممبئی میں گھر دلوا دیا، شریاس تلپڑے کا انکشاف

ممبئی (ویب ڈیسک): بالی ووڈ اداکار شریاس تلپڑے نے انکشاف کیا ہے کہ سپر اسٹار شاہ رخ خان اور فلم ساز فرح خان نے ممبئی میں ان کا پہلا گھر خریدنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلم ساز اور کوریوگرافر فرح خان نے اپنے کوکنگ بلاگ کے لیے شریاس تلپڑے کے گھر کا دورہ کیا، جہاں دونوں نے ماضی کی خوشگوار یادیں تازہ کیں۔ گفتگو کے دوران شریاس تلپڑے نے بتایا کہ وہ فلم "اوم شانتی اوم" کی بدولت اپنا پہلا گھر خریدنے کے قابل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ گھر کے لیے قرض حاصل کرنے کی غرض سے بینک گئے تو ابتدا میں انہیں قرض لینے کے لیے اہل قرار نہیں دیا گیا۔ شریاس تلپڑے کے مطابق بینک میں موجود ایک خاتون نے ان سے پوچھا کہ وہ کس فلم پر کام کر رہے ہیں۔ جب انہوں نے بتایا کہ فلم "اوم شانتی اوم" ہے تو خاتون نے مزید پوچھا کہ فلم کا ہیرو اور ہدایتکار کون ہے۔ انہوں نے جواب دیا کہ فلم کے مرکزی اداکار شاہ رخ خان ہیں جبکہ اس کی ہدایتکار فرح خان ہیں۔ اداکار کے مطابق بینک افسر نے ان سے تصدیقی خط طلب کیا، جس پر انہوں نے فرح خان سے رابطہ کیا۔ شریاس تلپڑے نے بتایا کہ فرح خان نے دو دن کے اندر شاہ رخ خان سے ایک تصدیقی خط حاصل کر کے انہیں دے دیا، اور اسی شام بینک نے ان کا قرض منظور کر لیا۔ واضح رہے کہ "اوم شانتی اوم" 2007 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس سال کی کامیاب ترین بلاک بسٹر فلموں میں شمار ہوتی ہے، جس میں شاہ رخ خان کے ساتھ دیپیکا پڈوکون نے بھی مرکزی کردار ادا کیا تھا۔