اسلام آباد: پاکستانی مسیحی برادری نے مشرق وسطیٰ میں حالیہ جنگ بندی (سیز فائر) کے اعلان پر پوری دنیا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے عالمی امن کی جانب ایک مثبت اور اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
سینیئر مسیحی رہنما اور چیئرمین گلوری آف گاڈ فاؤنڈیشن، نوید گل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک مسیحی برادری ہمیشہ ملک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مشرق وسطیٰ کے حالیہ تنازع میں مؤثر سفارتکاری اور کامیاب عسکری حکمت عملی کے ذریعے نہ صرف جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا بلکہ عالمی سطح پر اپنی ساکھ کو مزید مضبوط کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر "اسلام آباد ٹاکس" کا ٹاپ ٹرینڈ بننا اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی برادری پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔ دنیا بھر کے صارفین کی جانب سے پاکستانی حکومت اور عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے اور انہیں عالمی امن کا سفیر قرار دیا جا رہا ہے۔
نوید گل کا کہنا تھا کہ عالمی رہنماؤں کی جانب سے بھی پاکستان کے ثالثی کردار کی بھرپور ستائش کی جا رہی ہے، جو کہ ملک کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
0 تبصرے