افغانستان سے آنے والے دہشت گردوں کے سرحد پار حملے میں تاجکستان کے دو سکیورٹی اہلکار جان سے گئے، جبکہ فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کی۔
افغانستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے تاجکستان کی سرحدی حدود میں داخل ہو کر سکیورٹی فورسز پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں مسلح جھڑپ کے دوران تاجک بارڈر گارڈ کے دو اہلکار ہلاک ہو گئے۔ تاجک حکام کے مطابق فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو مار ڈالا۔
جھڑپ کے بعد حملہ آوروں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، دستی بم اور جدید نائٹ ویژن آلات برآمد ہوئے، جس سے حملے کی سنگینی اور پیشگی منصوبہ بندی واضح ہوتی ہے۔
تاجک حکام کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نے سرحدی سلامتی اور علاقائی استحکام سے متعلق اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں اور وعدوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ ان کے مطابق چند ہی دنوں کے دوران افغانستان کی جانب سے یہ تیسرا سرحد پار حملہ ہے، جو خطے کے امن کے لیے تشویشناک صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ تاجکستان دہشت گرد گروہوں اور اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف اپنی علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔
0 تبصرے