فیلڈ مارشل کو بلاول کا اجرک و ٹوپی کا تحفہ، اسلام آباد کی سیاست میں نئی سرگوشیاں

کراچی میں نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب کے دوران بلاول بھٹو کا فیلڈ مارشل عاصم منیر کو روایتی سندھی اجرک اور ٹوپی پیش کرنا محض ثقافتی عمل تھا یا کسی سیاسی پیغام کی علامت؟ وفاقی دارالحکومت میں قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی ہیں۔

فیلڈ مارشل کو بلاول کا اجرک و ٹوپی کا تحفہ، اسلام آباد کی سیاست میں نئی سرگوشیاں

اسلام آباد (فاروق اقدس) — کراچی میں منعقد ہونے والے 35ویں نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب میں مہمانِ خصوصی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سندھی ثقافت کی علامت اجرک اور ٹوپی پیش کی گئی، جس کے بعد سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں شروع ہو گئیں۔ اگرچہ ان مقابلوں میں پاکستان آرمی کی ٹیم نے واضح برتری کے ساتھ کامیابی حاصل کی، اس لیے فیلڈ مارشل کا جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے تقریب میں شرکت کرنا فطری امر تھا، تاہم بعض سیاسی مبصرین نے اس موقع کو معمول سے ہٹ کر تعبیر کرنے کی کوشش کی۔ تقریب میں فیلڈ مارشل کا یونیفارم کے بجائے عوامی لباس میں آنا بھی زیرِ بحث رہا، حالانکہ قریبی حلقے اسے موقع اور ماحول کے مطابق ایک سادہ انتخاب قرار دیتے ہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ چند روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بلاول بھٹو کی لاہور آمد پر خیرسگالی ٹوئٹ اور بلاول بھٹو کی جانب سے پنجاب میں ترقیاتی اقدامات کی کھل کر تعریف بھی سامنے آئی تھی، جسے بعض حلقے حالیہ تقریب سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے لاہور میں ایک ہفتے کے قیام کے دوران نہ صرف سیاسی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا بلکہ میڈیا سے آف دی ریکارڈ گفتگو بھی کی۔ یہ اطلاعات بھی زیر گردش ہیں کہ وہ رائیونڈ میں ایک نجی عشائیے میں شریک ہوئے، تاہم اس بارے میں سوال پر بلاول بھٹو نے تصدیق یا تردید کے بجائے مسکراہٹ پر اکتفا کیا۔ دوسری جانب صدر آصف علی زرداری کو پنجاب میں مناسب پروٹوکول نہ ملنے پر پیپلز پارٹی کے اندر پائی جانے والی ناراضی بھی حالیہ دنوں میں کم ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ پارٹی رہنماؤں کے مطابق اس حوالے سے تحفظات دور کر دیے گئے ہیں، جبکہ ماضی میں صدر کے دورۂ لاہور پر پروٹوکول سے متعلق شکایات مسلسل سامنے آتی رہی تھیں۔