اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی نے صدر آصف علی زرداری کی منظوری کے بغیر اسپیشل اکنامک زونز آرڈیننس جاری کرنے پر قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کر دیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے ارکان نے واک آؤٹ کیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا کہ اس ایوان کی بنیادی ذمہ داری قانون سازی ہے، مگر پہلی بار حکومت نے ایسا آرڈیننس نافذ کیا ہے جس کی صدر نے منظوری نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ ایسی قانون سازی کی کوئی حیثیت نہیں، ان حالات میں ہم ایوان کا حصہ نہیں بن سکتے۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ارکان میری بات سنیں، یہ معاملہ ہمارے نوٹس میں لایا گیا ہے جو سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے واضح کرتا ہوں کہ جب تک صدر منظوری نہیں دیں گے، ہم اسے نوٹیفائی نہیں کریں گے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صدر کی منظوری کے بغیر اسپیشل اکنامک زونز آرڈیننس جاری ہونے پر پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلز پارٹی اپنے خدشات پر ارکان سے مشاورت کرے گی۔
0 تبصرے