استنبول میں پاک–افغان مذاکرات کامیابی سے مکمل، فریقین کا جنگ بندی برقرار رکھنے پر اتفاق

ترکیہ اور قطر کی ثالثی میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان استنبول میں ہونے والے مذاکرات اختتام پذیر ہوگئے۔ فریقین نے جنگ بندی کے تسلسل اور امن کے فروغ پر اتفاق کیا، جب کہ ترکیہ کی وزارتِ خارجہ نے اعلامیہ جاری کر دیا۔

استنبول میں پاک–افغان مذاکرات کامیابی سے مکمل، فریقین کا جنگ بندی برقرار رکھنے پر اتفاق

ترکیہ کی وزارتِ خارجہ کے مطابق پاکستان، افغانستان، ترکیہ اور قطر کے درمیان مذاکرات 25 سے 30 اکتوبر تک استنبول میں منعقد ہوئے۔ مذاکرات کے دوران تمام فریقین نے جنگ بندی کے تسلسل پر اتفاق کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ امن کی کسی بھی خلاف ورزی پر مؤثر کارروائی کی جائے گی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ مزید پیش رفت کے لیے 6 نومبر کو استنبول میں اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا جائے گا۔ ترکیہ اور قطر نے دونوں فریقین کی شمولیت کو سراہتے ہوئے دیرپا امن اور استحکام کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ترکیہ کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ پاک–افغان مذاکرات 6 نومبر سے دوبارہ شروع ہوں گے، جب کہ اس دوران جنگ بندی برقرار رکھی جائے گی۔ فریقین اس کے نفاذ کے طریقۂ کار کا تفصیلی جائزہ آئندہ اجلاس میں لیں گے۔