طالبان حکومت نے دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کے بجائے سہولتیں فراہم کیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر

آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ افغان طالبان حکومت نے بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے انہیں سہولتیں فراہم کیں، جبکہ پاکستان اپنی سرزمین پر کسی بھی قسم کی دراندازی برداشت نہیں کرے گا۔

طالبان حکومت نے دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کے بجائے سہولتیں فراہم کیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور میں قبائلی عمائدین کے جرگے سے خطاب کیا۔ انہوں نے قبائلی عوام کی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ غیر متزلزل حمایت اور حالیہ پاک افغان کشیدگی کے دوران تعاون پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ پشاور کور ہیڈکوارٹرز میں آرمی چیف کو خطے کی سیکیورٹی صورتِ حال اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتا ہے، تاہم افغان سرزمین سے پاکستان پر دہشت گردی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ برسوں میں افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے متعدد سفارتی اور معاشی اقدامات کیے، لیکن اس کے جواب میں طالبان حکومت نے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد گروہوں کو کارروائی کے بجائے سہولتیں فراہم کیں۔ آرمی چیف نے خیبر پختونخوا کے بہادر عوام کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی گئی قربانیوں اور ثابت قدمی پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ قوم کی یکجہتی ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے۔