کوہستان کا 40 ارب روپے کا میگا کرپشن اسکینڈل، ملزم قیصر اقبال کے گھر سے مزید 20 کروڑ روپے برآمد

40 ارب روپے کے میگا کرپشن کیس میں بڑی پیشرفت، نیب نے کارروائی کے دوران مرکزی ملزم قیصر اقبال کے گھر سے مزید 20 کروڑ روپے برآمد کرلیے۔

کوہستان کا 40 ارب روپے کا میگا کرپشن اسکینڈل، ملزم قیصر اقبال کے گھر سے مزید 20 کروڑ روپے برآمد

کوہستان میں اربوں روپے کے کرپشن اسکینڈل کی تحقیقات کے دوران نیب نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرلی۔ ذرائع کے مطابق مرکزی ملزم قیصر اقبال کے گھر سے مزید 20 کروڑ روپے برآمد ہوئے ہیں، جو رنگ کے ڈبوں میں چھپائے گئے تھے۔ رقم کی نشاندہی گرفتار ملزم کی اہلیہ نے کی۔ اس سے قبل قیصر اقبال کے گھر سے ایک ارب 60 کروڑ روپے بھی برآمد کیے جا چکے ہیں۔ نیب کے مطابق ملزم اگست 2013 سے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو اپر کوہستان میں کلرک اور بعد ازاں ہیڈ کلرک کے عہدے پر تعینات رہا، جہاں اس نے جعلی دستاویزات کے ذریعے سرکاری خزانے سے غیر قانونی رقوم نکالنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ اربوں روپے ملزم کی اہلیہ اور کنٹریکٹر ممتاز کے اکاؤنٹس میں منتقل کیے گئے، جبکہ متعدد بااثر شخصیات کے اس اسکینڈل سے فائدہ اٹھانے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔