کراچی: طارق روڈ میدانِ جنگ بن گیا، رینجرز اور کسٹمز کی بڑی کارروائی میں کپڑا اسمگلنگ کے 5 ملزمان گرفتار

رینجرز اور کسٹمز انفورسمنٹ نے کراچی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کپڑے کی اسمگلنگ میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا اور بھاری مقدار میں نان کسٹم پیڈ کپڑا برآمد کرلیا۔

کراچی: طارق روڈ میدانِ جنگ بن گیا، رینجرز اور کسٹمز کی بڑی کارروائی میں کپڑا اسمگلنگ کے 5 ملزمان گرفتار

ترجمان رینجرز کے مطابق کراچی کے علاقے سرسید روڈ پر رینجرز اور کسٹمز انفورسمنٹ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کپڑے کی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا۔ کارروائی کے دوران گوداموں سے بھاری مقدار میں نان کسٹم پیڈ کپڑا برآمد کیا گیا جو غیر قانونی طریقے سے ملک میں لایا گیا تھا۔ ترجمان کے مطابق، اسمگلنگ میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جن کے قبضے سے 6 موبائل فونز اور نقدی بھی برآمد ہوئی۔ رینجرز نے بتایا کہ برآمد شدہ کپڑا 22 ٹرکوں اور ایک کنٹینر میں لوڈ کر کے کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ رینجرز کے مطابق کپڑا اسمگلنگ کے ذریعے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا تھا، اور ایسی کارروائیاں اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔