اسلام آباد ہائیکورٹ کا فواد چوہدری کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم

عدالت نے دلائل سننے کے بعد فواد چودھری کو کل پیش کرنے کا حکم دے دیا

اسلام آباد ہائیکورٹ کا فواد چوہدری کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو کل عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور آئی جی اسلام آباد کو بھی کل کے لئے نوٹس جاری کر دیا۔ عدالت نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد فواد چودھری کو کل عدالت میں پیش کریں اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بھی ریکارڈ کے ساتھ پیش ہوں۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے فواد چودھری کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ فیصل چودھری ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ اس عدالت نے فواد چوہدری کو گرفتاری سے روکا تھا اس کے باوجود پولیس نے انہیں گرفتار کیا۔ سپریم کورٹ سے نکلتے وقت پولیس کو آگاہ کیا مگر انہوں نے عدالتی حکم نہیں مانا۔ انہوں نے چیف جسٹس عامر فاروق کی کورٹ سے ملنے والے آرڈر کی کاپی عدالت کے سامنے پیش کی۔ آئی جی اسلام آباد بھی کورٹ میں موجود تھے جن کی موجودگی میں یہ آردڑ ہوا تھا۔ عدالت نے فواد چوہدری کو گرفتار نا کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد فواد چودھری کو کل پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے شیریں مزاری کا میڈیکل چیک اپ کرانے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے انکی فیملی اور وکلا کی ملنے کی اجازت بھی دے دی۔