کراچی: کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر 4 میں آج زوردار دھماکے کے بعد ایک عمارت زمین بوس ہو گئی۔ ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور رینجرز کی نفری موقع پر موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق، زخمی ہونے والے افراد میں لطیف حنیف، عابد، حسیب اور زاہد شامل ہیں، جنہیں چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی اور سول برنس وارڈ ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق مستوئی کے مطابق متاثرہ مکان خستہ حال تھا اور اس میں سیاسی جماعت اے این پی کا دفتر قائم تھا۔
مکان میں کسی کی رہائش نہیں تھی۔ حادثے کے وقت دفتر میں موجود سات کارکن زخمی ہوئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، پنکھے کا سوئچ آن کرنے پر زور دار دھماکہ ہوا اور مکان گر گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مکان میں گیس لیکج کا شبہ ہے، جبکہ مزید حقائق تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گے۔
مزید براں بم ڈسپوزل اسکواڈ اور کرائم سین یونٹ کو فوری طور پر موقع پر طلب کر لیا گیا ہے تاکہ حادثے کی مکمل تحقیقات کی جا سکیں۔
0 تبصرے