سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ڈیرہ غازی خان کے راستے بلوچستان جانے والی تمام شاہراہیں عارضی طور پر بند کر دی گئیں۔
ڈیرہ غازی خان میں سیکیورٹی صورتحال کے باعث پنجاب سے بلوچستان جانے والے تمام زمینی راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر عثمان خالد کے مطابق بلوچستان کو جانے والی اہم شاہراہیں، فورٹ منرو کے راستے اور تونسہ موسیٰ خیل روڈ کو تاحکمِ ثانی بند کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں مسافروں کو ڈی جی خان کے ذریعے بلوچستان جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی، اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
انتظامیہ کے مطابق بلوچستان سے ملحقہ سرحدی مقامات بواٹہ اور سخی سرور پر بھی ٹریفک مکمل طور پر روک دی گئی ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز علاقے میں الرٹ ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے مختلف شہروں میں فتنہ الہندوستان کی جانب سے کیے گئے دہشت گرد حملوں کو ناکام بنا دیا گیا تھا، جس کے دوران تین خودکش حملہ آوروں سمیت مجموعی طور پر 92 دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے یہ اقدامات کیے گئے ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
0 تبصرے