خیرپور (ویب ڈیسک) سندھ کے شہر خیرپور میں ایک خاتون نے اپنے شوہر، تین بیٹوں اور بیٹی کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی۔ یہ افسوسناک واقعہ ای سیکشن تھانے کی حدود میں پیش آیا، جس میں مجموعی طور پر چھ افراد جاں بحق ہوئے۔
پولیس کے مطابق خاتون کی شناخت اقصیٰ کے نام سے ہوئی ہے، جس نے مبینہ طور پر ذہنی دباؤ یا عدم توازن کے باعث یہ قدم اٹھایا۔ ابتدائی تحقیقات میں خاتون کے ذہنی حالت پر سوالات اٹھائے گئے ہیں، تاہم واقعے کی مزید چھان بین جاری ہے۔
جاں بحق افراد میں شوہر نوید آرائیں، بیٹے احمد علی، موسیٰ، علی شیر اور بیٹی مصورا شامل ہیں۔ واقعے کے بعد اقصیٰ کی کچھ آڈیو ریکارڈنگز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جن میں وہ اپنے سسر، شوہر اور دیگر رشتہ داروں پر غیر اخلاقی رویوں کے الزامات لگا رہی ہے۔ ایک آڈیو میں وہ شوہر کو قتل کرنے کے بعد مظلوم خواتین کو ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کی تلقین کرتی سنائی دیتی ہے، جبکہ دوسری آڈیو میں وہ ایک عورت کی تصاویر دکھا کر الزام لگاتی ہے کہ اس نے اس کے شوہر سے دوسری شادی کر کے اس کی زندگی تباہ کر دی۔
0 تبصرے