سندھ کی وحدت پر کوئی وار برداشت نہیں کیا جائے گا۔ علامہ ایاز قُمی

ایم ڈبلیو ایم ملکی سطح کی مذہبی تنظیم ہے اسے لسانی سازشوں کا حصہ بننے سے گریز کرنا چاہیئے

سندھ کی وحدت پر کوئی وار برداشت نہیں کیا جائے گا۔ علامہ ایاز قُمی

حیدرآباد (پ۔ر) مجلسِ وحدتِ مسلمین کی جانب سے سندھ میں شمالی اور جنوبی شکل میں صوبائی تنظیم سازی والے عمل کو ہم نہ صرف سندھ کی تقسیم اور سندھ کی وحدت کے خلاف سازش بلکہ ایم کیو ایم کی جانب سے شہری و دیہی صوبہ بنانے والی سازش کا حصہ تصور کرتے ہوئے سندھ کی تقسیم والی اس سازش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار معروف عالمِ دین علامہ ایاز حسین قُمی نے قاسم آباد حیدرآباد میں ان سے ملاقات کے لئے آنے والے یونیورسٹیز کے طلبہ کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ محبتوں کی سرزمین ہے اور ہم اس سرزمین پر نہ صرف محبتوں کی پرچار کرتے ہیں بلکہ محبتیں تقسیم کرتے ہیں ہم سندھ کی وحدت پر کسی قسم کا وار ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم ایک ملکی سطح کی مذہبی تنظیم ہے اور ملکی سطح کی مذہبی تنظیم کو ایسی نفرت انگیز اور تقسیم کی سازشوں کا حصہ بننا ہرگز زیب نہیں دیتا اس لئے انہیں اس نفرت انگریز سیاست کا حصہ بننے سے گریز کرنا چاہیئے۔