جنگ کے بجائے اپنے انفرااسٹرکچر پر خرچ کرتا تو امریکہ فضائی بحران سے بچ سکتا تھا: ایران
ایرانی وزارت خارجہ کے سینئر عہدیدار حسن نوریان نے کہا ہے کہ اگر امریکہ جنگوں پر اربوں ڈالر خرچ کرنے کے بجائے اپنے بنیادی ڈھانچے، ہوا بازی اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے پر توجہ دیتا تو اسے طیاروں کو ساڑھے چار گھنٹے زمین پر کھڑا رکھنے جیسے بحران کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے حسن نوریان نے کہا کہ امریکہ کے ہوا بازی کے شعبے کو جدید بنانے کے لیے 50 ارب ڈالر کی ضرورت ہے، جبکہ ایران کے خلاف جنگ پر تقریباً 47 ارب ڈالر خرچ کرنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت کو ٹیکس ادا کرنے والے شہریوں کے اربوں ڈالر جنگوں اور فوجی کارروائیوں کے بجائے ملک کے بنیادی ڈھانچے، فضائی ٹریفک کنٹرول، آمدورفت اور مواصلاتی نظام کو مضبوط بنانے پر خرچ کرنے چاہئیں۔
حسن نوریان نے دعویٰ کیا کہ سخت عالمی پابندیوں کے باوجود ایران اپنی ہوا بازی کی صنعت چلا رہا ہے اور پرانے طیاروں کی مرمت اور دیکھ بھال میں خود کفالت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے سائنس، ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کے ذریعے ترقی کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ گزشتہ 47 برس سے ایران کے ہوا بازی کے شعبے پر پابندیاں عائد کر رہا ہے، لیکن اس کے باوجود ایران کا فضائی رابطوں کا نظام فعال ہے اور اسے امریکہ جیسے ملک میں پیدا ہونے والے بحران کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔