پیر، 16 نومبر 2026
بریکنگ

پاکستان پُرامن اور مستحکم افغانستان چاہتا ہے، افغان حکام سیکیورٹی خدشات دور کریں: نائب وزیراعظم

تازہ ترین 16th Nov 2026 10 مناظر
پاکستان پُرامن اور مستحکم افغانستان چاہتا ہے، افغان حکام سیکیورٹی خدشات دور کریں: نائب وزیراعظم
اسلام آباد (ویب ڈیسک) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پُرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، جو وسیع تر علاقائی ڈھانچے کا مکمل حصہ ہو اور اپنے ملک کے ساتھ ساتھ تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بھی امن سے رہے۔ اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بامقصد پیش رفت کے لیے ضروری ہے کہ افغان حکام پڑوسی ممالک کے جائز سیکیورٹی خدشات دور کریں۔ انہوں نے دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے اور محفوظ و مستحکم ماحول قائم کرنے کو علاقائی اقتصادی تعاون برقرار رکھنے کے لیے انتہائی ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور طویل المدتی علاقائی استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ خطے میں غیر یقینی صورتحال اور تیزی سے تبدیل ہوتی ٹیکنالوجی کے پیش نظر علاقائی روابط کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم کے منشور میں درج اصولوں، مقاصد اور تصور کے لیے پُرعزم ہے اور بانی رکن کی حیثیت سے علاقائی تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خودمختاری میں برابری، ایک دوسرے کا احترام، ایک دوسرے کے معاملات میں عدم مداخلت اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعاون تنظیم کے بنیادی اصول ہیں۔ نائب وزیراعظم کے مطابق جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع ہونے کے باعث یہ خطہ منفرد جغرافیائی اہمیت رکھتا ہے، جہاں اہم منڈیاں، قدرتی وسائل کی فراوانی اور تجارت کی تاریخی بنیادیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جغرافیائی اہمیت کو مضبوط اقتصادی روابط اور مشترکہ خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے کوششیں کرنا ہوں گی۔ خطے کی اقتصادی ترقی کے لیے اقدامات اور مشترکہ چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرنا ضروری ہے، جبکہ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون سے ترقی کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان 2026ء اور 2027ء کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھالنے پر فخر محسوس کرتا ہے اور اس عرصے کو نتیجہ خیز اور بامقصد بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ اس سے قبل اجلاس کے آغاز پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا، جبکہ مہمان وفود کے سربراہان کی آمد کے بعد یادگاری گروپ فوٹو بھی بنوائی گئی۔
شیئر کریں:

0 تبصرے

تبصرہ کریں

مطلوب خانہ
مطلوب خانہ