اتوار، 15 نومبر 2026
بریکنگ

امریکہ کے نئے دفاعی نظام میں روس کو شامل کرنے کی تجویز، یورپی ممالک میں تشویش

دنیا 15th Nov 2026 9 مناظر
امریکہ کے نئے دفاعی نظام میں روس کو شامل کرنے کی تجویز، یورپی ممالک میں تشویش
پیرس (ویب ڈیسک) ٹرمپ انتظامیہ نے یوکرین جنگ کے بعد یورپ کے نئے دفاعی اور سکیورٹی نظام میں روس کو شامل کرنے کی تجویز پیش کی ہے، جس پر کئی یورپی ممالک نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ فرانسیسی اخبار کے مطابق ابوظہبی میں امریکہ، روس اور یوکرین کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے دوران یورپ کے مستقبل کے سکیورٹی نظام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق روسی مذاکراتی وفد کے سربراہ نے امریکی تجویز کو ماسکو کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا، جبکہ روسی وزارت خارجہ نے بھی یورپی ممالک کو نئے دفاعی معاہدوں کی پیشکش کی۔ تاہم ابوظہبی میں ہونے والے مذاکرات کے دوران یورپ کے نئے دفاعی نظام کے حوالے سے کوئی حتمی معاہدہ طے نہیں پاسکا۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالاس نے امریکی تجویز پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یورپ کے پاس پہلے ہی اپنا سکیورٹی نظام موجود ہے، اصل مسئلہ یہ ہے کہ روس معاہدوں کی پاسداری نہیں کرتا۔ جرمنی کے وزیر خارجہ نے بھی ماسکو پر زور دیا ہے کہ وہ سابقہ عالمی معاہدوں اور ذمہ داریوں کا احترام کرے۔ دوسری جانب 13 نومبر کو ڈبلن میں تقریباً 40 یورپی ممالک کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ یورپ کے مستقبل اور سلامتی سے متعلق فیصلے یورپی ممالک کی شرکت کے بغیر نہیں کیے جاسکتے۔ یورپی ممالک کا کہنا ہے کہ وہ روس کے ساتھ مذاکرات کے مخالف نہیں ہیں، تاہم کسی بھی نئے معاہدے میں یورپ کی سلامتی، یوکرین کی خودمختاری اور نیٹو کے دفاعی نظام کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ ادھر یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ روس وسیع تر سکیورٹی مذاکرات کی آڑ میں یوکرین کے مستقبل سے متعلق بنیادی معاملات کو پس پشت ڈالنے کی کوشش کرسکتا ہے۔
شیئر کریں:

0 تبصرے

تبصرہ کریں

مطلوب خانہ
مطلوب خانہ