نئے صوبوں سے متعلق آئین موجود ہے تو ریفرنڈم کس بات کا؟: نثار کھوڑو
حیدرآباد (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ ریفرنڈم اس معاملے پر ہوتا ہے جس کا آئین میں ذکر موجود نہ ہو۔
حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ 30 نومبر کو پورے سندھ میں پیپلز پارٹی کا یومِ تاسیس منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کی مرضی کے بغیر مزید صوبے نہیں بنائے جا سکتے، وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی 50 مرتبہ بھی ایسی بات کریں تو کوئی فرق نہیں پڑتا۔
نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو پارلیمنٹ کو مضبوط بنانے کے لیے نظام میں دوبارہ ترتیب (ری سیٹ) کی بات کر رہے ہیں۔ پارلیمنٹ مضبوط ہوگی تو جمہوریت بھی مضبوط ہوگی۔ ری سیٹ کا مطلب یہ نہیں کہ جمہوریت کو موردِ الزام ٹھہرایا جائے یا اسے نیم جمہوری نظام قرار دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو تسلیم کرنا چاہیے اور کسی بھی سیاسی جماعت پر جلسہ کرنے کی پابندی نہیں ہے۔