بدھ، 25 نومبر 2026
بریکنگ

بھارتی فلمی کارکنوں کی تنظیم کا پاکستانی ویب سیریز پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ

شوبز 25th Nov 2026 4 مناظر
بھارتی فلمی کارکنوں کی تنظیم کا پاکستانی ویب سیریز پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ
کراچی (ویب ڈیسک) بھارتی فلمی کارکنوں کی تنظیم آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن (اے آئی سی ڈبلیو اے) نے بھارت میں پاکستانی ویب سیریز پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق تنظیم نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر آئندہ ماہ نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی پاکستانی ویب سیریز ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ خط میں بھارت کے اندر پاکستانی مواد کی نمائش روکنے کے لیے باقاعدہ قانون سازی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ بھارتی اسکرینوں پر کسی بھی پاکستانی چہرے، آواز یا کہانی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ خط میں مجوزہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ویب سیریز کی پہلی قسط 4 دسمبر کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگی، جبکہ یہ عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر نشر ہونے والی اردو زبان کی پہلی سیریز ہے۔ پاکستانی مصنفہ فرحت اشتیاق کے ناول پر مبنی اس ویب سیریز میں فواد خان، ماہرہ خان، صنم سعید، مایا علی، ہانیہ عامر، حمزہ عباسی اور احد رضا میر سمیت پاکستان کے کئی معروف اداکار شامل ہیں۔ واضح رہے کہ بھارت میں پاکستانی ڈراموں کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ گزشتہ سال مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے کو جواز بناتے ہوئے بھارت نے نیٹ فلکس سمیت تمام اسٹریمنگ پلیٹ فارمز سے ملک میں پاکستانی ڈراموں کی نمائش بند کرنے کا کہا تھا، تاہم اس کے باوجود پاکستانی ڈرامے یوٹیوب پر موجود ہیں اور بھارتی عوام میں مقبولیت حاصل کر رہے ہیں۔ آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے الزام عائد کیا ہے کہ مذکورہ ویب سیریز میں شامل کئی اداکاروں نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے دوران بھارت کے خلاف بیانات بھی دیے تھے۔
شیئر کریں:

0 تبصرے

تبصرہ کریں

مطلوب خانہ
مطلوب خانہ