پیر، 23 نومبر 2026
بریکنگ

حسن کے عالمی مقابلے میں پاکستانی ثقافت کے جلوے، مصباح کے مارخور والے لباس نے دل موہ لیے

شوبز 23rd Nov 2026 5 مناظر
حسن کے عالمی مقابلے میں پاکستانی ثقافت کے جلوے، مصباح کے مارخور والے لباس نے دل موہ لیے
پورٹو ریکو (ویب ڈیسک) پاکستانی ماڈل مصباح ارشد نے مس یونیورس کے 75ویں مقابلے میں مارخور سے متاثر لباس پہن کر عالمی سطح پر توجہ حاصل کرلی۔ ان کے منفرد لباس کے ذریعے پاکستان کے قومی جانور، ثقافتی ورثے اور قدرتی حسن کو اجاگر کیا گیا۔ مصباح ارشد نے 21 نومبر 2026ء کو امریکی علاقے پورٹو ریکو کے شہر سان خوان میں ہونے والے مقابلے کے دوران یہ لباس پیش کیا۔ اس لباس کا مقصد پاکستان کی قومی شناخت اور جنگلی حیات کے ورثے کو عالمی ناظرین کے سامنے نمایاں کرنا تھا۔ مارخور اپنے مخصوص بل کھائے ہوئے سینگوں اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں رہنے کی صلاحیت کے باعث پہچانا جاتا ہے۔ یہ پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں پایا جاتا ہے اور ملک کے قدرتی ماحول اور جنگلی حیات کے ورثے کا اہم حصہ ہے۔ پاکستان کا قومی جانور ہونے کی وجہ سے مارخور کو قومی فخر اور شناخت کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔ مصباح ارشد کا لباس محض فیشن کا مظاہرہ نہیں تھا بلکہ اس کے ذریعے پاکستان کی حیاتیاتی تنوع، جنگلی حیات اور مارخور کے تحفظ کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ ڈیزائنر سیمیون کیٹانو کے تیار کردہ لباس میں مارخور کے بل کھائے ہوئے سینگوں سے متاثر ڈیزائن، خوبصورت ہیڈ ڈریس اور سنہری آرائش شامل تھی۔ ماڈل کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں، جہاں صارفین نے لباس کے منفرد ڈیزائن اور تخلیقی انداز کو سراہا۔ متعدد افراد نے اس بات کو بھی پسند کیا کہ عالمی مقابلے میں پاکستان کے قومی جانور کو فیشن کے ذریعے متعارف کرایا گیا۔ اس لباس نے مس یونیورس میں پاکستان کی نمائندگی کو ثقافتی رنگ دیا، جہاں مختلف ممالک کی امیدوار خواتین اپنے لباس اور انداز کے ذریعے اپنے ملک کی روایات، ورثے اور قومی شناخت کو دنیا کے سامنے پیش کرتی ہیں۔ مس یونیورس کے 75ویں مقابلے میں 100 سے زائد ممالک اور علاقوں کی امیدوار خواتین حصہ لے رہی ہیں، جبکہ مقابلے کا گرینڈ فائنل 24 نومبر کو پورٹو ریکو میں ہوگا۔ مصباح ارشد مس یونیورس پاکستان کی چوتھی امیدوار ہیں، جنہوں نے عالمی مقابلے میں مارخور سے متاثر لباس کے ذریعے ملک کے قدرتی اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا۔
شیئر کریں:

0 تبصرے

تبصرہ کریں

مطلوب خانہ
مطلوب خانہ