اسلام آباد: پاک-بھارت کی موجودہ کشیدہ صورتحال پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔
صدر اور وزیراعظم کے درمیان ملاقات ایوانِ صدر میں ہوئی، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پہلگام واقعے کے تناظر میں سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، بھارتی جارحانہ رویے اور اشتعال انگیز بیانات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملکی سلامتی اور خودمختاری کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، پاک فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، پاکستانی قوم متحد ہے اور اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ بھارتی رویے سے خطے کے امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہے، پاکستان علاقائی سلامتی اور خودمختاری پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
0 تبصرے