6اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان اور بھارت کے درمیان فضائی محاذ پر کشیدگی کے بعد بھارتی فضائیہ کی جانب سے طیاروں کے نقصان کا بالواسطہ اعتراف سامنے آیا ہے، جس کے بعد فرانسیسی طیارہ ساز کمپنی ڈاسو ایوی ایشن کے شیئرز میں نمایاں گراوٹ دیکھی گئی ہے۔
بھارتی مسلح افواج کی پریس بریفنگ کے دوران جب بھارتی ایئر مارشل اے کے بھارتی سے رافیل طیارے کے گرنے سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ جنگی حالات میں نقصان معمول کی بات ہے، اور اس سے زیادہ تفصیل دینا مخالف کو فائدہ پہنچا سکتا ہے۔
ایئر مارشل کے اس مبہم جواب کے بعد سرمایہ کاروں میں بے چینی دیکھنے کو ملی، جس کے نتیجے میں ڈاسو ایوی ایشن کے شیئرز میں آج مزید 5.59 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق، گزشتہ پانچ روز میں کمپنی کے شیئرز کی مجموعی قدر میں 10.33 فیصد کی کمی ہو چکی ہے، جبکہ اس سے پہلے کے پانچ دنوں میں 3.4 فیصد اضافہ دیکھا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات بھارتی فضائیہ نے پاکستان کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی، جس پر پاکستان نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر 3 رافیل طیاروں سمیت کل 5 بھارتی طیارے تباہ کر دیے تھے۔
0 تبصرے