پانی پر ڈاکہ نامنظور، تمام کینال نامنظور، سندھو پر ڈاکہ نامنظور کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے
خیرپور: ببرلوءِ بائی پاس پر وکلاء کی جانب سے دریائے سندھ سے نئے کینال نکالنے کے سندھ دشمن فیصلے کے خلاف دھرنا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ "پانی پر ڈاکہ نامنظور"، "تمام کینال نامنظور"، "سندھو پر ڈاکہ نامنظور" کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔
کراچی سے نکلا ہوا وکلاء کا قافلہ شاہ حسین بائی پاس پر کراچی بار کے صدر عامر نواز وڑائچ کی قیادت میں پہنچا تو ان کا پھولوں کی بارش کے ساتھ استقبال کیا گیا۔
دھرنے میں وکلاء کے ساتھ ساتھ قومپرست، سیاسی، سماجی، مذہبی تنظیموں کے رہنما، شہری، ادیب، ہاری، آبادگار، مزدور، خواتین حتیٰ کہ بچے بھی ہزاروں کی تعداد میں شریک ہوئے۔ جونیئر ذوالفقار بھٹو، ڈاکٹر نیاز کالانی، راشد محمود سومرو، فتاح سمیجو، علامہ ایاز قمی، وسند تھری اور دیگر نے بھی شرکت کی۔
ببرلو قومی شاہراہ پر وکلاء کے کینال مخالف دھرنے کے باعث مختلف مقامات پر ٹریفک کو روک دیا گیا۔ پنو عاقل کے سانگی مقام پر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ سانگی کے قریب پنجاب سے سندھ آنے والے روٹ پر بھی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگیں۔ سکھر سے پنو عاقل اور گھوٹکی تک مختلف مقامات پر ٹریفک روکی گئی۔
عامر نواز وڑائچ اور دیگر وکلاء رہنماؤں نے کہا کہ جب تک کینال کا منصوبہ ختم نہیں ہوتا، ہم یہاں سے نہیں اٹھیں گے، چاہے کچھ بھی ہو جائے، سندھ دشمن منصوبہ ختم کرا کے ہی رہیں گے۔
0 تبصرے