وکلا کے حوصلے بلند، شدید گرمی میں دھرنا جاری، کینال منصوبے کے خاتمے تک جدوجہد کا عہد

وکلا کے حوصلے بلند، شدید گرمی میں دھرنا جاری، کینال منصوبے کے خاتمے تک جدوجہد کا عہد

سکهر؛ متنازعہ نہروں کے خلاف ببرلوئے میں وکلا کا قومی شاہراہ پر چھٹے دن بھی دھرنا جاری ہے۔ کینال منصوبے کے خلاف وکلا کی جدوجہد مزید شدت اختیار کر گئی اور شدید گرمی کے باوجود ببرلوئے میں چھٹے دن بھی دھرنا جاری ہے، جس میں مختلف سیاسی، سماجی اور قوم پرست جماعتوں نے شرکت کی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ن لیگ سندھ کے صدر بشیر میمن نے وکیل رہنماؤں سے بات چیت کی، جبکہ کراچی بار کے صدر عامر نواز وڑائچ نے کینال منصوبہ مسترد ہونے کا نوٹیفکیشن جاری ہونے تک دھرنا ختم کرنے سے انکار کر دیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نثار کهڑی اور خورشید شاہ نے بھی وکلا سے ملاقات کی اور پی پی کے جلسے میں شرکت کی دعوت دی۔ وکلا کے رہنماؤں نے کہا کہ ہم پی پی قیادت کو کمیٹی کے فیصلے سے آگاہ کر چکے ہیں۔ قومی شاہراہ پر وکلا کے دھرنے کی وجہ سے سندھ اور پنجاب میں ٹریفک معطل ہے، کنٹینر کھڑے ہونے کی وجہ سے ان میں موجود سامان خراب ہونے کا خدشہ ہے اور ٹرانسپورٹ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری طرف متنازعہ نہروں کے خلاف پورے سندھ میں قوم پرست جماعتوں، وکلا اور طلباء تنظیموں کا احتجاج جاری ہے۔ وکلا نے آج بھی پورے سندھ میں عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا، جبکہ خواتین وکلا کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔