لاہور: لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس جواد حسن نے سوشل میڈیا پر ’چائے والا‘ کے نام سے شہرت حاصل کرنے والے ارشد خان کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کے فیصلے کو چیلنج کرنے پر وفاقی حکومت اور دیگر مدعا علیہان کو نوٹسز جاری کردیے۔مردان سے تعلق رکھنے والے ارشد خان کو 2016 میں اس وقت شہرت ملی تھی جب ایک فوٹوگرافر نے ان کی چائے ڈالتے ہوئے تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی تھی جو وائرل ہوگئی تھی۔رپورٹ کے مطابق درخواست گزار نے بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی کے توسط سے آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت عدالت سے رجوع کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ نادرا اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی جانب سے ان کی شناختی دستاویزات بلاک کرنا غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔سماعت کے دوران بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی نے موقف اختیار کیا کہ ارشد خان پاکستانی خواب کی علامت ہیں، اسلام آباد میں چائے بیچتے ہوئے ان کی ایک تصویر کے وائرل ہونے کے بعد جس نے انہیں عاجزانہ آغاز سے بین الاقوامی شہرت تک پہنچایا، عالمی سطح پر ان کی پہچان کے باوجود نادرا اور دیگر اداروں کے اقدامات نے ان کے مستقبل کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نادرا کی جانب سے 1978 سے قبل رہائش کے ثبوت کا مطالبہ بدنیتی پر مبنی تھا اور اس میں کوئی قانونی جواز نہیں تھا، خاص طور پر اس وقت جب ارشد خان کے خاندان کی شہریت کی دستاویزی تاریخ موجود ہے، آئین کے آرٹیکل 4، 9، 14 اور 18 کا حوالہ دیتے ہوئے وکیل نے ارشد خان کے ذریعہ معاش، وقار اور قانونی سلوک کے حقوق کی خلاف ورزی کا حوالہ دیا۔عدالت کو سندھ ہائی کورٹ، اسلام آباد ہائی کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کے سابقہ فیصلوں سے بھی آگاہ کیا گیا جس میں مناسب طریقہ کار کے بغیر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔
0 تبصرے