غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ تاحال جاری، مزید 60 فلسطینی شہید

غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ تاحال جاری، مزید 60 فلسطینی شہید

غزہ: غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ تاحال جاری، صیہونی فوج کی وحشیانہ بمباری اور گولہ باری کے نتیجے میں مزید 60 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں امریکی نژاد فلسطینی لڑکے کوگولیوں سے چھلنی کر دیا اس کے علاوہ غزہ سٹی میں صیہونی فوج نے ایک گھر کو بھی نشانہ بنایا۔اسرائیلی فوج نے دیر البلاح کے 5 محلوں کو خالی کرنے کے احکامات جاری کئے جبکہ قابض فورسز نے نابلس شہر کے داخلی راستوں کو بھی بند کردیا ،اسرائیلی افواج کی جانب سے جنوبی لبنان میں بھی بمباری کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں 2 لبنانی شہری شہید اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ رپورٹس کے مطابق 18 مارچ کو جنگ بندی ختم ہونے کے بعد سے ابتک 4 لاکھ سے زائد فلسطینی دربدر ہیں، اسرائیلی جنگ میں اب تک 50 ہزار 695 فلسطینی شہید جبکہ 1 لاکھ 15 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ڈیل کے امکانات ہیں، ہم ایران کے ساتھ براہ راست بات چیت کررہے ہیں،اوول آفس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی ملاقات ہوئی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ براہ راست بات چیت کررہے ہیں، امید ہے ایران کیساتھ مذاکرات کامیاب ہوں گے، یہ ان کے مفاد میں ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ سے بچنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ تصادم سے بچنے کی کوشش کررہا ہے۔