پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے اعلان کیا ہے کہ جعفر ایکسپریس کے تمام یرغمالی مسافر بازیاب ہو گئے ہیں اور 33 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا کہ 11 مارچ کو بولان میں دہشت گردوں نے ریلوے ٹریک کو نشانہ بنایا اور جعفر ایکسپریس کو روک کر 440 مسافروں کو یرغمال بنا لیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ انتہائی دشوار گزار تھا اور دہشت گردوں نے بچوں اور عورتوں سمیت یرغمالیوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔ اس کے بعد فوراً بازیابی کا آپریشن شروع کیا گیا جس میں فوج، ایئر فورس، فرنٹیر کور اور ایس ایس جی کے جوانوں نے حصہ لیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا کہ شام تک تمام مغویوں کو بازیاب کر لیا گیا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خودکش بمباروں کو ہلاک کیا اور پھر مرحلہ وار بوگیوں کی کلیئرنس کی گئی جس کے نتیجے میں تمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا، تاہم آپریشن سے قبل دہشت گردوں کی بربریت کے نتیجے میں 21 مسافر شہید ہو گئے، اور فرنٹیر کور کے 4 جوان بھی شہید ہوئے۔ ان میں سے تین جوانوں کو دہشت گردوں نے آپریشن سے پہلے شہید کیا تھا اور ایک جوان آپریشن کے دوران شہید ہوا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں نے مسافروں کو گروپوں میں تقسیم کر رکھا تھا اور خودکش بمباروں کو درمیان میں رکھا تھا۔ سکیورٹی فورسز کے نشانہ بازوں نے ان بمباروں کو ہلاک کیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جیسے ہی واقعہ ہوا، بھارتی میڈیا نے گمراہ کن رپورٹنگ شروع کر دی، اور پرانی تصاویر، ویڈیوز اور اے آئی ویڈیوز نشر کی گئیں جو دہشت گردوں اور ان کے آقاؤں کے گٹھ جوڑ کو ظاہر کرتی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایسے مواقع پر بعض سیاسی عناصر ملک میں سوشل میڈیا کو بڑھا چڑھا کر استعمال کرتے ہیں اور دہشت گردی کے لیے بے بنیاد جواز پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کچھ عناصر اقتدار کے لیے قومی مفاد کو نظرانداز کر رہے ہیں، اور عوام اب ان کی انتشاری سیاست کو سمجھنے لگے ہیں۔
یاد رہے کہ 11 مارچ کو بولان میں دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کیا تھا اور مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ فورسز نے کامیاب آپریشن کے ذریعے 190 مسافروں کو بازیاب کرایا تھا۔
0 تبصرے